آصف علی زرداری صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان کا یوم ِتکبیر کے موقع پر پیغام

آصف علی زرداری صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان کا یوم ِتکبیر کے موقع پر پیغام – 28 مئی 2025ء ٭٭٭ میں یوم ِتکبیر کے اہم موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

آج، ہم یوم ِتکبیر کی 27 ویں سالگرہ منا رہے ہیں ۔ آج کے دن ہم نے اپنی جوہری صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور تزویراتی دفاعی طاقت حاصل کی۔ ہم یہ دن ملکی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کی یاد میں منا رہے ہیں۔ آج ہم اپنے اُن سائنسدانوں، انجینئرز اور سول اور فوجی قیادت کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی محنت اور لگن سے یہ کامیابی ممکن ہوئی۔ آج ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج ِتحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی ، جس نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔

ہم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے کردار کا بھی اعتراف کرتے ہیں جن کی سرپرستی میں ہمارا ایٹمی پروگرام مزید آگے بڑھا اور مضبوط ہوا۔ ایٹمی طاقت بننا محض ہماری تکنیکی ترقی کا مظہر نہیں تھا بلکہ یہ طاقت کے ذریعے امن قائم رکھنے، جنوبی ایشیا میں سٹریٹجک توازن برقرار رکھنے اور کسی بھی بیرونی جارحیت سے قوم کی حفاظت کرنے کا ایک دانشمندانہ فیصلہ تھا۔ آج کی بدلتی علاقائی سلامتی کی صورت حال میں ہماری جوہری صلاحیت ایک قابل اعتبار کم از کم دفاعی صلاحیت ہے ۔

ہماری ایٹمی صلاحیت نہ صرف امن کی ضامن ہے بلکہ اس امر کو بھی یقینی بناتی ہے کہ کوئی ہماری خودمختاری اور قومی سلامتی کو نقصان نہ پہنچا سکے۔ پاکستان جنگ کا خواہاں نہیں اور پرامن بقائے باہمی اور بین الاقوامی قانون کے احترام کے اصولوں پر کاربند ہے۔ حالیہ بلا اشتعال بھارتی جارحیت کے پیش نظر، پاکستان نے تزویراتی تحمل اور امن کے عزم کا مظاہرہ کیا۔ آپریشن بُنیانُ مَّرصوص کے تحت ہمارے نپے تلے اور مؤ ثر ردِ عمل نے دشمن کو اپنی معاندانہ کارروائیاں بند کرنے پر مجبور کیا۔ آئیے ، یوم تکبیر کے موقع پر ایک بار پھر عہد کریں کہ ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ کریں گے